حضرت میمونہؓ کے والد کا نام حارث بن حزن بن بحر۔آپؓ کی والدہ کا نام ھند بنت عوف ھے۔ کہا جاتا ھے کہ حضرت میمونہؓ کا نام بھی پہلے برہ تھا جو آپؐ نے بدل کر میمونہؓ رکھ دیا۔
پہلے نکاح
روایت میں آیا ھے کہ آپؓ کا پہلا نکاح مسعود بن عمر سے ھوا تھا۔ان سے طلاق کے بعد ابو رھم بن عبدالعزی سے نکاح ھوا۔انکی وفات سن ۷ھ میں ھوئی۔اس کے بعد آنحضورؐ کے عقد مبارک میں آئیں۔ابو رھم سے آپ کے بطن مبارک سے عطا،سلیمان اور عبدالملک تھے جو اسلامی دنیا کے فقہا میں شمار ھوتے تھے۔
مورخین کا کہنا ھے کہ حضرت میمونہؓ کی والدہ ھند بہت خوش نصیب عورت ھیں جنھیں اتنے جلیل القدر داماد ملے۔کہ ایک تو سرور کائنات حضورؐ تھے دوسرے داماد حضرت عباسؓ جن کے ساتھ حضرت میمونہؓ کی بہن ام الفضل کا نکاح ھوا ۔ حضرت میمونہؓ کی والدہ ھند کے پہلے شوھر سے بھی آپ کی دو بیٹیاں تھیں۔جن میں سے ایک اسماء بنت عمیس تھیں،انتہائی خوبصورت تھیں،آپ کا پہلا نکاح حضرت جعفر بن ابو طالبؓ سے ھوا تھا۔حضرت جعفرؓ کی شہادت کے بعد انکا نکاح حضرت ابو بکر صدیقؓ سے ھوا۔اور انکے وصال کے بعد حضرت علیؓ کے نکاح میں آئیں۔ھند کی دوسری بیٹی،اسماء کی دوسری بہن حضرت زینب بنت عمیسؓ تھیں جن کا نکاح حضرت حمزہ بن عبدالمطلب سے ھوا۔
حضور سرور کائناتؐ سے نکاح
یہ نکاح ماہ ذوالقعدہ ۷ھ میں ھوا۔نکاح کے وقت حضرت میمونہؓ کی عمر مبارک ۲۷ برس تھی۔حضرت عبداللہ بن عباسؓ روایت فرماتے ہیں کہ حضور نبی کریمؐ نے احرام کی حالت میں حضرت میمونہؓ سے نکاح کیا۔اس نکاح میں چار سو درھم مہر حضورؐ کی جانب سے حضرت عباسؐ نے ادا کئے۔
آپکی فضیلت
ایک روایت میں آیا ھے کہ حضرت میمونہؓ نے اپنے آپ کو حضورؐ کے لئے ہبہ کر دیا تھا۔یہ اس طرح کہ جب آپؐ کا نکاح کا پیغام ان کے پاس پہنچا تو اس وقت وہ اونٹ پر سوار تھیں۔آپؓ نے کہا کہ یہ اونٹ اور جو کچھ اس اونٹ پر ھے سب کچھ اللہ تعالیٰ اور اسکے رسولؐ کا ھے۔اس پر اللہ نے قرآن پاک میں یہ آیت نازل فرمائی۔"اور وہ مومن خا تون جنہوں نے اپنے آپ کو نبیؐ کے لئے ہبہ کر دیا"۔
وصال مبارک
آپؓ کا مزار مبارک مکہ مکرمہ سے چند کلو میٹر کے فاصلے پر سرف کے مقام پر ھے۔سن ۵۱ ھ میں آپکا وصال ھوا جب عمر مبارک ۸۰ برس تھی۔آپ نبی کریمؐ کی آخری زوجہ محترمہ تھیں اسکے بعد آپؐ نے کسی سے نکاح نہ کیا۔